نئی دہلی: 12/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کانگریس صدر سونیا گاندھی کے داماد اور پرینکا گاندھی کے شوہر رابرٹ واڈرا نے کانگریس پر اعتماد کا اظہار کرنے کے لیے پنجاب، گوا اور منی پور کی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔رابرٹ واڈرا نے اتوار کو ٹوئٹر اور فیس بک پر کہاکہ پارٹی کو اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں ملی شکست سے سبق لینے کی ضرورت ہے، کانگریس پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرنے کے لیے پنجاب، گوا اور منی پور کے لوگوں کا شکریہ، نیز اتر پردیش اور اتراکھنڈ کی جیت کے لیے بی جے پی کو مبارک باد۔انہوں نے کہا کہ ہر الیکشن سبق، نئی حقیقت اور کچھ نئے سوالات چھوڑتا ہے، سبق سے سیکھیں، حقیقت کو قبول کریں اور سوالات کا جواب دیں۔ہفتہ کو آئے پانچ ریاستوں کے انتخابی کے نتائج میں کانگریس کو اتر پردیش اور اتراکھنڈ اسمبلی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جبکہ پنجاب میں اس کو واضح اکثریت سے زیادہ سیٹیں ملی ہیں، وہیں گوا اور منی پور میں وہ سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھری ہے لیکن ان دونوں ریاستوں میں دوسروں کی مدد سے بی جے پی بھی حکومت بنانے کا دعوی پیش کر سکتی ہے۔